تازہ ترینخبریںپاکستان

سمندری طوفان کے اثرات کن علاقوں میں دیکھے جاسکتے ہیں ؟

بحیرہ عرب میں موجود ” بپر جوائے”نامی سمندری طوفان اب انتہائی شدید سائیکلون میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس کا رُخ بدستور پاکستان کے ساحلی علاقوں کی جانب ہے ۔

بحیرۂ عرب میں یہ سمندری طوفان 14 جون کی صبح تک شمال کی سمت میں چلتا رہے گا جس کے بعد یہ شمال مشرق کی جانب مڑے گا اور 15 جون کو پاکستان میں کیٹی بندر اور انڈیا میں گجرات کے ساحل سے گزرے گا۔

حکام کے مطابق اس طوفان کی ممکنہ آمد کے ساتھ ہی سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا امکان ہے جبکہ 13 سے 17 جون تک ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میر پور خاص اور عمر کوٹ کے اضلاع میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اس طوفان کے باعث کراچی میں 100 ملی میٹر سے زیادہ جبکہ سجاول، بدین اور ٹھٹھہ میں 300 سے 400 ملی میٹر شدید بارش کا امکان ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ 13 جون (منگل) کی شام سے جنوبی اور جنوب مشرقی سندھ کے دیگر علاقوں بشمول تھرپارکر اور میرپورخاص میں گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے جس کے باعث ساحلی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔

14 سے 16 جون تک کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق اگر طوفان کا رُخ شمال مغرب کی طرف ہی رہا تو کراچی متاثر ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی اس حوالے جاری کردہ الرٹ میں پنجاب کے تمام اداروں و ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے۔

الرٹ کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں 14 جون سے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور نارووال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جواب دیں

Back to top button