
سمندری طوفانوں کے نام کون تجویز کرتا ہے اور یہ نام کیسے رکھے جاتے ہیں ؟ "بائپر جواۓ” کا نام آخر کس ملک نے تجویز کیا ہے ؟
کیٹرینا ، نرگس ، گلاب ، نیلوفر اور ہُدہُد ، سمندری طوفانوں کے یہ نام آپ نے پہلے سن رکھے ہوں گے ۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ نام آخر کیسے رکھے جاتے ہیں ؟
اور ان سمندری طوفانوں کے نام آخر کون تجویز کرتا ہے ؟
بحیرہ عرب اور بحرِہند میں سمندری طوفانوں کو نام دینے کے لیے ایک پینل بنایا گیا ہے جس میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، میانمار، تھائی لینڈ، مالدیپ، سری لنکا، عمان، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
طوفان کے نام رکھنے کے لیے 2020 میں اس پینل کی جانب سے 163 ناموں پر مشتمل فہرست ترتیب دی گئی ہے۔ اس فہرست میں سمندری طوفانوں کے ناموں کے کل 13 کالم ہیں۔ ہر کالم میں اسی طرح مجوزہ ناموں کو ملکوں کے حروفِ تہجی کی ترتیب سے رکھا گیا ہے۔
حالیہ طوفان ’بائپر جوائے‘ 2020 میں بننے والی فہرست کے اعتبار سے 14واں طوفان ہے، اس کے لیے باری کے اعتبار سے بنگلہ دیش کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ بنگالی زبان میں بپرجوئے کا مطلب ’تباہی‘ ہے۔







