
پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے التوا کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں پھر شروع ہوگی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے وکلا اظہار یکجہتی کے لیے سپریم کورٹ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا صوبوں میں انتخابات کے التوا کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی دائر درخواست پر سماعت آج صبح ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ شروع ہوگی۔ سماعت کے آغاز سے قبل ہی چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلیے بڑی تعداد میں وکلا سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی بھی وکلا کے درمیان موجود ہیں۔ ججز کی سپریم کورٹ آمد پر وکلا نے نعرے بھی لگائے۔ اس کے علاوہ جھنگ، عارف والا سمیت دیگر علاقوں سے وکلا کے قافلے سپریم کورٹ، چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب سماعت سے قبل سپریم کورٹ کے باہر سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کی بلڈنگ کے باہر پولیس، ایف سی اور رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
اس اہم کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں کسی بھی غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وکلا، صحافیوں اور جن کےمقدمات ہوں گے صرف انہیں ہی سپریم کورٹ میں آنے کی اجازت ہوگی جب کہ عدالت عظمیٰ جانے والے راستوں کو پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگا کر بند کر دیا ہے جس کے باعث متعلقہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ سماعت کرے گا۔ عدالت نے آج سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری دفاع کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔
وکلاء کی بڑی تعداد سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔#StandingWithConstitution pic.twitter.com/MLnMN0xWJK
— Mishkat Khan (@mishikhan_pti) April 3, 2023







