تازہ ترینخبریںپاکستان

حکومت کا نیشنل گرڈ کے تمام اسٹیشنز بحال کرنے کا دعویٰ

وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے نیشنل گرڈ کے تمام اسٹیشنز بحال کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض علاقوں میں وولٹیج کا مسئلہ پیش آیا وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی، پرسوں تک مکمل بجلی کی ترسیل کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ ہیسکو کے تمام گرڈ اسٹیشنز بحال کر دیئے گئے ہیں، نیشنل گرڈ کے تمام 1112 گرڈ اسٹیشنز بھی بحال کر دیئے گئے ہیں، ملک میں بجلی مکمل طور پربحال کر دی ہے، تاہم محدود پیمانے پر لوڈشیڈنگ ہوگی۔

انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو کے تمام 176، سیپکو کے 69 اور کیسکو کے 65 گرڈ اسٹیشنز بحال کیے گئے ہیں، پاور پلانٹ دوبارہ چلانے کے لیے بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، تربیلا پاور پلانٹ چلا کر دیگر پلانٹس کو بجلی دی گئی، آج صبح 5 بج کر 15 منٹ پر ملک بھر میں بجلی مکمل بحال کر دی تھی۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جوہری پلانٹ کو دوبارہ شروع ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے چاہئیں جب کہ کوئلے کے پلانٹ کو بھی 48 گھنٹے چلانے کیلئے درکار ہوتے ہیں اس لیے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی جس وجہ سے اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں لوڈشیڈنگ رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا ترسیلی نظام محفوظ رہا ہے، بجلی کے کارخانے چلانے کے لئے وافر مقدار میں تیل موجود ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے اور تفتیش کرنی ہے کیا ہمارے سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی، اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گے البتہ انٹرنیٹ سے بیرونی مداخلت کے امکان کم ہیں، وزیراعظم نے تین رکنی انکوائری کمیٹی بنائی ہے جس کی سربراہی مصدق ملک کریں گے۔

قبل ازیں وزارت توانائی نے ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے سبب کئی گھنٹے بجلی معطل رہنے کے بعد تمام گرڈ اسٹیشنز بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق ملک بھر کے تمام گرڈ اسٹیشن بحال ہوگئے ہیں، 1112 گرڈ اسٹیشن میں سے تمام گرڈ اسٹیشن پر بجلی بحال ہے۔

وزارت توانائی حکام کا کہنا ہے کہ کوئلے کے 6600 میگاواٹ تک اور نیوکلیئر کے 3500 میگاواٹ پاور پلانٹس کی سسٹم سے بحالی میں 48 سے 72 گھنٹے لگ سکتے ہیں، ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار 9 ہزار 704 میگاواٹ تک ہے جب کہ ملک میں اس وقت 4 ہزار میگاواٹ تک شارٹ فال کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح بریک ڈاؤن کے سبب کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جسے مکمل طور پر بحال کرنے کا عمل تاحال جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button