
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 15 جنوری کو کراچی میں الیکشن کے بعد کراچی والوں کے نمائندے بن کر اُن کے مسائل حل کریں گے۔
کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مصنوعی مینڈیٹ کراچی میں کھڑا کیا جاتا تھا، ہمیں اس بات کا کوئی ڈر نہیں ہے کراچی میں کون جیتتا ہے، کون ہارتا تھا، کراچی کا اگلا میئر جیالا ہو گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کا مئیر آج ہمارے درمیان یہاں موجود ہے، ہمیں احساس ہے ملک میں بیروزگاری ہے مہنگائی ہے، عمران کے پیدا کردہ بحران کی وجہ سے آج ملک میں مسائل ہیں، لوکل باڈیز الیکشن جیتنے کے بعد ہم کے ایم سی کے ہسپتالوں کی حالت بہتر کریں گے، کراچی میں کچرا اٹھانے کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کی طاقت نے پرویز مشرف کو بھگوڑا بنا دیا، عوام کی طاقت نے سلیکٹڈ کا صحیح بندوبست کیا، عوام نے سلیکٹڈ کو ایسے نکالا کہ چھ ماہ بعد بھی بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سے ایک شخص کو بھیجا، یہ عوام کی جیت تھی، مقابلہ ہوگا تو جیت امید کی ہوگی، شکست نفرت کی سیاست کی ہوگی، ملک مشکل میں ہے، ملک کو معاشی مشکل کا شکار عمران خان نے کیا ہے، عمران خان کی جھوٹ، نفرت اور تعصب کی سیاست کے خلاف میدان میں نکلے ہیں۔







