
پنجاب، کے پی اور سندھ سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں دھند کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار، لاہور ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر، بیرون ملک سے آنے والی چار پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا۔
گہری دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشن ٹریفک کیلئے بند کر دیے گئے اور قومی شاہراہوں پر بھی روانی متاثر ہوگئی۔
اسموگ کے باعث لاہور کے تعلیمی ادارے مزید سات روز بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
موٹروے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے ننکانہ صاحب، موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور سیالکوٹ موٹروے لاہورسے سمبڑیال تک بند کردی گئی ہے، جی ٹی روڈ پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاث ہے ، موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈرائیورز گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں۔







