
سیکٹرآئی ٹین میں گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ گاڑی کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں ٹیکسی میں دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جب کہ ٹیکسی کا ڈرائیور بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ترجمان آئی جی اسلام آباد کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب کہ پولیس ٹیم کے ایک اہلکار نے نامعلوم گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے رکتے ہی دھماکا ہوگیا اور گاڑی میں موجود ٹیکسی ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، جب کہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ہے، جب کہ اس کے ساتھ کھڑا ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پرطلب کرلی گئی ہے، اور تعین کیا جارہا ہے کہ دھماکا خود کش تھا یا گاڑی کا سلنڈر پھٹا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خودکش تھا، گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، اور اس میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
پولیس کے افسران موقع پر پہنچ چکے ہیں، اور متعلقہ ادارے بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔ جب کہ اسلام آباد واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔







