
ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی بڑا اعلان کردیا۔
سیف الرحمان نے کہا ہے کہ کے ایم سی آج سے پارکنگ فیس وصول نہیں کرے گی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ پارکنگ سٹاف کو ہٹایا جائے، آکشن ہونے تک پارکنگ مفت ہوگی۔ کے ایم سی افسران اور عملہ پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ نہیں چلائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر، سفاری پارک اور پارکوں میں ٹھیکے کے ایم سی کے ملازمین چلا رہے ہیں، آج سے کے ایم سی ملازمین کے تمام ٹھیکے بند کر دیے جائیں۔ پہلے مرحلے میں 28 بڑی سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر سیف الرحمان نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھال لیا۔ کے ایم سی بلڈنگ پہنچنے پر افسران نے ان کا استقبال کیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کے ایم سی کے زیرِ انتظام سڑکوں کی بحالی پہلی ترجیح ہے۔پارکس اور گرین بیلٹس کو درست کیا جائے گا، فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔







