
پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پتوکی میں ہجوم کی جانب سے چوری کا الزام لگا کر معمر شخص کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ہجوم کے بے انتہا تشدد کے باعث معمر شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ پتوکی کے علاقے کھڈیاں خاص میں پیش آیا جہاں چوری کے الزام پر معمر شخص لوگوں کے تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔مرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی، جس کی لاش پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پتوکی پولیس کے مطابق ملزم سلیمان اور دیگر نے ڈنڈوں سے وار کر کے نامعلوم معمر شخص کو مار ڈالا۔
پتوکی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، درخواست کے مطابق کارروائی ہو گی، فی الحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔







