
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی جاری کردہ آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ ہمیں دھمکیاں دیتے ہیں کہ یہ اسلام آباد آئیں تو سہی ہم ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں ہم نے لانگ مارچ والوں کے لیے ڈرونز لیے ہوئے ہیں، تو میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہنی ہوئی ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ پرامن احتجاج پر ہمیں ماریں گے، پوچھتا ہوں کیا ان کے پاس جان سے مارنے کا لائسنس ہے؟ رانا ثناء اللّٰہ تم جیمز بانڈ نہیں عوام کے پیسے پر پلنے والے منسٹر ہو، اگر ہمیں مارو گے تو کیا ہم تمہارے لیے ہار لے کر کھڑے ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تم اگر حملہ کرو گے تو ہمارے جواب کے لیے بھی تیار رہو، ہم آزادی کے لیے نکلے ہیں اور آزادی لے کر رہیں گے۔







