
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ سے کمسن بچی کی ہلاکت پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں بچی کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے، سندھ حکومت سے کراچی شہر سنبھل نہیں رہا، پولیس کو عمران خان کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے بھیج دیا گیا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ غیر تربیت یافتہ اہلکاروں کو بھرتی کر دیا گیا ہے، غیر تربیت یافتہ افراد کو ہتھیار دیں گے تو ایسے واقعات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ چھپن چھپائی کھیل رہی ہے، ایم کیو ایم ایک دن بیان دیتی ہے دوسرے دن پیپلز پارٹی سے دوستی ہو جاتی ہے، ایم کیو ایم کی شہری علاقوں کی نمائندگی کا دعویٰ پی ٹی آئی نے ختم کر دیا۔







