تازہ ترینخبریںپاکستان

ایوب میڈیکل کمپلیکس کے زیر اہتمام ترک منشیات اور دماغی صحت کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد

ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)شعبہ نفسیات ایوب میڈیکل کمپلیکس کے زیر اہتمام ترک منشیات اور دماغی صحت حوالہ سے ڈگری کالج نتھیاگلی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔

جس میں ایوب میڈیکل کمپلیکس شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر آفتاب عالم نے ہائی سکول اور کالج کے طلباء ، علماء ،ویلج ناظمین اور سول سوسائٹی کے افراد کو بھی ذہنی امراض اور منشیات کے استعمال کے اثرات تدارک اور روک تھام کے حوالہ آگاہی دی اور میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کرکے ذہنی مسائل سے دوچار طلبہ اور مقامی افراد کا معائنہ کرکے مفت ادویات بھی دی گئیں۔

اس سلسلہ میں ایوب میڈیکل کمپلیکس ، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ نے مشترکہ طور پر اپنی نوعیت کا پہلا آگاہی سیمینار منعقد کیا ۔

جس میں ہائی سکول اور ڈگری کالج نتھیا گلی کے طلباء،اساتذہ کو ذہنی دباؤ کے نتیجہ میں مرتب ہونے والے اثرات اور اس کے فوری علاج کے متعلق آگاہی دی گئی ۔

سربراہ شعبہ نفسیات پروفسیر ڈاکٹر آفتاب عالم نے طلباء کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ذہنی امراض کی علامات میں گھبراہٹ،بے چینی ،دل کی دھڑکن کا بڑھ جانا ،نیند میں بے قاعدگی سمیت دیگر شامل ہیں جس سے طلباء ذہنی دباؤ سے دوچار ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح طلبہ میں نشہ کے استعمال کی بڑھتی ہوئی عادت میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ایبٹ آباد میں سرکاری اور نجی سکولز ،کالجز میں منشیات کا سونامی ہے جس سے میڈیکل کالجز کے طلباء وطالبات بھی محفوظ نہیں ہیں ۔

انہوں نے مذید بتایا کہ بچوں میں ذہنی دباؤ سے ان کی ذندگی متاثر ہوتی ہے اس کا بروقت علاج نہ کرنے سے انجام خودکشی ہوتا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ذہنی امراض کی بیماریوں کا باقاعدہ علاج موجود ہے اس کو صرف پاگل پن سے تشبیہ دینا درست نہیں ہے ۔

ایوب میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ نفسیات میں ڈاکٹرز ایسے متاثرہ بچوں اور بڑی عمر کے افراد کا بات چیت اور ادویات سے علاج کرتے ہیں ۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ رات کو سونے اور جاگنے کا وقت مقرر کریں ۔تعلیم کے ساتھ کھیل کے لئے وقت مختص کریں ۔ذہنی دباؤ طلبہ کی ذندگی میں ہوتا ہے اس کی دیکھ بھال نہ کرنے سے مسائل پیدا ہو تے ہیں۔اساتذہ بھی طلبہ میں محنت کرنے کی عادت ڈالیں ان پر نتائج کا بوجھ نہ ڈالیں ۔

اس موقع پر انہوں نے نتھیاگلی کے عمائدین چیئرمین ڈی آر سی مولانا عبد الشکور ،چیئرمین ویلج کونسل تتریلہ حافظ شبیر،چیئرمین ملاچھ سردار مشتاق ،مولانا امجد ،سردار ظہیر سمیت اساتذہ دیگر کو بھی ذہنی امراض کے تدارک کے حوالہ سے تفصیلی آگاہی دی ۔

عمائدین نے بھی پروفسیر ڈاکٹر آفتاب عالم کو اپنی نوعیت کے منفرد سیمینار پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔اور منتخب ارکان اسمبلی سے ایوب میڈیکل کمپلکس میں ترک منشیات کے سنٹر کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔علاوہ ازیں ایوب میڈیکل کمپلیکس شعبہ نفسیات کے طبی عملہ نے ذہنی دباؤ سے متاثر طلباء اور نوجوانوں کا معائنہ کرکے مفت ادویات بھی فراہم کی ہیں۔میڈیکل کیمپ میں ایوب میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز اور کالج کے طلباء وطالبات بھی موجود تھے ۔

جواب دیں

Back to top button