تازہ ترینخبریںکاروبار

انگور اڈہ بارڈر پر تاجر برادری کا سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

وانا ( خصوصی رپورٹ آدم خان وزیر سے) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں وانا ٹریڈ یونین کے انتخابات کے موقع پر سرکردہ قبائلی عمائدین اور علمائے کرام کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تجارتی برادری کے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کو درپیش مسائل اور مشکلات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر جے یوآئی وانا کے صدر مولانا میرزاجان وزیر، مولانا نیک محمد، ملک علاؤالدین وزیر، ملک بسم اللہ خان اور وانا ٹریڈ یونین کے صدر سردار علی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو دیگر بارڈروں کی طرز پر پاک افغان بارڈر انگور اڈہ پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

قبائلی عمائدین نے کہا کہ حکومت پاکستان نے تاجر برادری کو چمن، طورخم، خر لاچی، اور غلام خان بارڈر پر کافی سہولیات فراہم کی ہیں مگر صرف انگور اڈہ بارڈر کو ان سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے،

لہذا حکومت پاکستان، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی ساؤتھ تاجر برادری کی مشکلات کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور علاقے کی فلاح وبہبود کی خاطر کاروبار کے فروغ کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کی جائے۔

جے یوآئی وانا کے صدر مولانا میر زاجان وزیر اور مولانا نیک محمد نے میڈیا کو بتایا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل اتفاق اور اتحاد سے ممکن ہے اور موجودہ اتحاد کو برقرار رکھا جائے جس سے تجارت کو فروغ ملے گی۔

وانا ٹریڈ یونین کے صدر سردار علی وزیر اور ملک علاؤالدین وزیر نے کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی ساؤتھ سے پرزور مطالبہ کیا کہ وانا گومل زام روڈ کو ٹرانزٹ کر کے سی پیک میں شامل کریں اور تاجر برادری کو کاروبار میں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس مہنگائی کی خاطر تاجروں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے انگور اڈہ بارڈر پر آسانیاں فراہم کرے اور حال ہی میں تاجروں کو درپیش حائل رکاوٹیں دور کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button