تازہ ترینخبریںصحتصحت اور غذا

صحت مند اور چمکدار بالوں کیلئے کون سے قدرتی مشروبات ہیں؟

لمبے اور گھنے بال اکثر خواتین کی خواہش ہوتے ہیں کیونکہ حسن و دلکشی کی تعریف میں بالوں کو خاص اہمیت حاصل ہے جبکہ مَرد بھی اپنے بالوں کو سنوارنے میں کسی سے کم نہیں لیکن بڑھتی آلودگی،نامناسب غذا اور ذہنی تناؤ یا ڈپریشن کے باعث خوبصورت اورجاذب نظر بال اب صرف خواہش ہی بن کر رہ گئے ہیں کیونکہ جِلد کی طرح بال بھی انسان کی عمومی صحت کے عکاس ہوتے ہیں۔ غذائیت کی کمی اور ذہنی تناؤ بالوں کی صحت پر بھی نقصان دہ اثرات مرتب کرتے ہیں۔

تاہم ان تمام مسائل کا فطری اور قدرتی حل بھی موجود ہے لیکن لمبے اور گھنے بال ایک دن یا رات میں نہیں ہوسکتے۔ خواتین کی طرح مَردوں کو بھی ”خوبصورت، گھنے اور دلکش بالوں“ کے حصول کے لیے مناسب غذا، معیاری ہیئر پراڈکٹس اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔
آج ہم کچھ ایسے مشروبات کا ذکر کررہے ہیں جو مرد اور خواتین دونوں کے گرتے بالوں کی روک تھام کے لیے بطور ہیئر ٹانک کام کرتے ہیں۔ ان مشروبات کا استعمال گِرتے بالوں کو روکنے اور نئے بالوں کی نشوونما میں بہترین کردار ادا کرتا ہے۔

صحت مند اور چمکدار بالوں کیلئے قدرتی مشروبات

گرین ٹی:
گرین ٹی کو ایک معجزاتی مشروب کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ یہ ایک ایسا مشروب ہے جو بے شمار خصوصیات سے مالا مال ہے۔ ناصرف جسمانی صحت بلکہ بالوں کی صحت کے لیے بھی گرین ٹی کا استعمال بے حد مفید ہے۔ اس میں انزائمز، اینٹی آکسیڈینٹس، وٹامنز اور امینو ایسڈ کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔

بالوں کے لیے گرین ٹی کا خاص فائدہ ڈی ٹی ایچ کنٹرول کی صورت میں سامنے آتا ہے کیونکہ یہ وہ ہارمون ہے جو گنج پن کا باعث بنتا ہے۔ گرتے بالوں کو روکنے کے علاوہ گرین ٹی بالوں سے خشکی دور کرنے کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔

پودینے کی چائے:
پودینہ ایک سدا بہار جڑی بوٹی مانی جاتی ہے جو کہ اینٹی ہیئر فال خصوصیات سے مالا مال ہوتی ہے۔پودینے کا استعمال گرتے بالوں کی روک تھام میں خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ سر کی جلد کو صحت فراہم کرتے ہوئے بالوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ساتھ ہی بالوں کی چمک اور انھیں صحت مند بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

پودینے کی پتیوں کو سبز چائے کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کیا جاتا ہے،جس کے پیش نظر یہ مختلف قسم کے طبی فوائد کے حصول کا باعث بن جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، پودینے کی چائے بالوں کی نشوونما بڑھانے اور گرتے بالوں کی روک تھام میں خاصی مددگار ہے۔ اس حوالے سے ایشیائی ممالک میں ہونے والے سروے نتائج کے مطابق، جن افراد کو پیپر منٹ ٹی کا استعمال کروایا گیا ان کے بالوں میں مثبت نتائج موصول ہوئے۔

مکسڈ ویجیٹیبل اسموتھی:
گرتے بالوں کی روک تھام کے لیے ایک مشہور و معروف طریقہ مکسڈ ویجیٹیبل اسموتھی پینا بھی ہے جو کہ صدیوں سے مختلف ناموں اور کسی نہ کسی طریقے کی صورت استعمال ہوتا آرہا ہے۔ وہ افراد جنہیں بال گرنے کی شکایت ہو انہیں چاہیے کہ چند سیب، تھوڑی سی ادرک، ایک لیموں، کیل (کرم کلا) کی گٹھی، اجوائن کے پتے اور چند دانے اجوائن ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس جوس کا استعمال گرتے بالوں کو روکنے اور نئے بالوں کی افزائش میں مدد دے گا۔

آملہ کا رس:
عام طور آملہ کا رس، بالوں پر لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن بالوں کی صحت کیلئے آملہ کا رس بطور مشروب بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آملہ میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو بالوں کی نشوونما بڑھانے اور گرتے بالوں کے خلاف مزاحمت کا کام سرانجام دیتے ہیں۔
وٹامن سی سے بھرپور آملہ بال بڑھنے کی رفتا ر تیز کردیتا ہے۔ دوسری جانب وہ خواتین جو لمبے ہی نہیں سیاہ بالوں کی بھی خواہشمند ہوں وہ آملہ کا استعمال بالوں کو سیاہ رکھنے کے لیے بھی کرسکتی ہیں۔

ایلوویرا جوس:
ایلو ویرا جیل، ایلوویرا کے پتے سے نکالا جانے والا لیسدار عرق ہے جو بالوں اور چہرے دونوں کے لیے بے شمار فوائد کا حامل ہوتا ہے۔ ایلوویرا کا جیل عام طور پر لگایا جاتا ہے لیکن اسے کھایا بھی جاتا ہے۔ ایلوویرا بطور مشروب استعمال کیا جائے تو یہ عمل نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

ساتھ ہی غیر متوازن ہارمونز کا توازن برقرار رکھنے کے لیے ایلوویرا جوس کا استعما ل بے حد مفید ہے۔ آپ ایلوویرا جوس گھر میں بھی تیار
کرسکتے ہیں، دوسری جانب مارکیٹ میں معیاری برانڈز بھی ایلوویرا جوس فروخت کرتے ہیں۔

بیریز:
بالوں کی نشوونما کیلئے درکار فائدہ مند وٹامنز اور مرکبات بیریز میں موجود ہوتے ہیں، جیسے کہ اس میں موجود وٹامن سی بہترین اینٹی آکسیڈنٹ کا کام کرتاہے، جو نقصان دہ خلیوں کی وجہ سے بالوں کو جھڑنے سے روکتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک کپ (144گرام) اسٹرابیری روزانہ درکار وٹامن سی کا 41 فیصد فراہم کرتی ہے۔

وٹامن سی کولاجن بھی فراہم کرتا ہے، جو کہ ایک ایسا وٹامن ہے جو بالوں کو مضبوطی فراہم کرتا اور انہیں ٹوٹنے سے بچاتاہے۔ آئرن کی کمی سے بھی بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں، اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی جسم کو درکار آئرن جذب کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button