
امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کا وزیرخارجہ کو فون، تعلقات مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے وزارت سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے فون کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ فون کال کے دوران امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور باہمی مفاد کے پاک-امریکا دوطرفہ جاری تعلقات مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور خطے سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ دو برسوں کے دوران کوڈ کے وبائی مرض سے نمٹنے میں تعاون رہا۔
امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کو رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کووڈ ورچوئل سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
سیکریٹری آف اسٹیٹ کی طرف سے 18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈسیکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
وزیر خارجہ اور امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔