تازہ ترینخبریںٹیکنالوجی

ون پلس کا نیا فلیگ شپ فون 10 پرو فروخت کے لیے پیش

ون پلس نے جنوری 2022 میں نیا فلیگ شپ فون ون پلس 10 پرو چین میں متعارف کرایا تھا۔

اب اس فون کو عالمی سطح پر پیش کیا جارہا ہے جسے فلیگ شپ فیچرز کے باعث 2022 کے چند بہترین فونز میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔

اس فون میں کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے آکسیجن او ایس 12 سے کیا گیا ہے۔

یہ پہلی بار ہے جب اوپو اور ون پلس کے اس مشترکہ یوزر انٹرفیس کو کسی فون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فون میں 5 جی سپورٹ کے لیے اسنیپ ڈراگون ایکس 65 موڈیم موجود ہے اور کمپنی کے مطابق اس سے ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 10 جی بی پی ایس تک پہنچ سکتی ہے (مگر اس کا انحصار نیٹ ورک کی اسپیڈ پر ہوگا)، جبکہ تیز ترین 5 جی اسپیڈ بھی دستیاب ہوسکے گی۔

ون پلس 10 پرو 6.7 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہے جس کے ساتھ 120 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے مگر یہ ریٹ 1 ہرٹز تک بھی گھٹ سکتا ہے تاکہ بیٹری لائف بچا سکے۔

فون میں 8 سے 12 جی بی ایل پی ڈی ڈی آر 5 ریم اور 128 سے 256 جی بی تک اسٹوریج دی گئی ہے۔

10 پرو میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے موجود ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

کیمرا سیٹ اپ کے لیے ون پلس نے ہیسل بالڈ کیمروں کو استعمال کیا ہے تاکہ فوٹوگرافی کو بہتر بنایا جاسکے، جیسے پرو موڈ کو بہتر بنایا گیا ہے جو 12-bit RAW+ تصاویر کھینچ سکتا ہے۔

یہ ایک نیا فارمیٹ ہے جو رنگوں کو زیادہ بہتر طریقے سے پراسیس کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح ایک ماسٹر موڈ ہے جو پروفیشنل فوٹوگرافر کو 3 موڈز کی سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ ویڈیوز کے لیے ایک نیا مووی موڈ دیا گیا ہے۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری 80 واٹ وائرڈ اور 50 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ سے لیس ہے مگر امریکا میں 80 کی جگہ 65 واٹ چارجر دیا جائے گا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وائرڈ چارجر سے فون صفر سے 100 فیصد 32 منٹ میں چارج ہوسکتا ہے جبکہ وائرلیس چارجنگ میں ایسا 47 منٹ میں ہوتا ہے۔

اس فون کو امریکا، یورپ اور بھارت میں سب سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

اس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 899 ڈالرز (ایک لاکھ 65 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button