تازہ ترینجرم کہانیخبریں

کرپشن کیس میں ملوث لیگی رہنما ملک سے فرار کے وقت گرفتار

سابق سینیٹر اور پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کے رہنما چوہدری تنویر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پنجاب میں مبینہ کرپشن کیسز میں ملوث سابق سینیٹر اور ن لیگ کے رہنما چوہدری تنویر کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ذرائع کے مطابق چوہدری تنویر کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا جس وجہ سے ان کو کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا۔

چوہدری تنویر پر پنجاب اینٹی کرپشن میں مبینہ کرپشن کیسز ہیں۔ سابق سینیٹر کراچی سے دبئی فرار کی کوشش کر رہے تھے۔ سابق سینیٹر کا تعلق ن لیگ سے ہے، ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کو پنجاب اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے گا۔ چوہدری تنویر پر سرکاری اراضی پر قبضے کے کیسز بھی ہیں۔

واضح رہے کہ چوہدری تنویر کی گرفتاری کے لیے دو روز قبل راولپنڈی میں چھاپہ مارا گیا تھا۔ حکام کے مطابق سابق سینیٹر چوہدری تنویر نے قبضے کی زمین پر غیر قانونی گھر اور پلازہ تعمیر کیا تھا، ان کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے۔ خیال رہے کہ 2019 میں ایف بی آر کے بے نامی زون نے سینیٹر چوہدری تنویر کے خلاف ایجوکیٹنگ اتھارٹی میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

ایف بی آر کا کہنا تھا کہ سینیٹر چوہدری تنویر 7 ہزار 125 کنال زمین کے مالک ہیں، جائیداد کی مالیت 15 ارب روپے سے زائد ہے جب کہ اراضی چوکیدار، سیکورٹی گارڈ اور گن مین کے نام ہے۔

چوہدری تنویز کی گرفتاری پر ن لیگی ترجمان کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ضمانت کے باوجود گرفتاری قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری حکومت کی تحریک عدم اعتماد میں واضح شکست کا ثبوت ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button