تازہ ترینخبریںپاکستان

روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ماسکو میں وفد کے ہمراہ روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفیصلی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

روسی ہم منصب سے ملاقات کے دوران پاکستان کے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بتدریج مستحکم ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات اور علاقائی روابط کے فروغ کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے افغانستان کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیابی پر پاکستانی ہم منصب اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دی اور 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں متوقع او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

روسی وزیر خارجہ نے ماسکو آمد پر پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم اور پرخلوص میزبانی پر روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ کی روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچے تھے۔

وزیر اعظم دو روزہ دورے پر ماسکو پہنچے تھے جہاں وہ روسی کمپنیوں کے ساتھ طویل عرصے سے زیر التوا گیس پائپ لائن کی تعمیر سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ آئیگور موگولوف نے ماسکو پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا تھا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی روس پہنچے تھے۔

وزارت توانائی کے ترجمان نے خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کو روس اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا اسٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر کے حوالے سے بتایا تھا کہ ‘دونوں ممالک اس منصوبے کو فوری طور پر شروع کرنے کے لیے تیار ہیں’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button