
مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور ارب پتی انسان دوست شخصیت بل گیٹس آج اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔
بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوان صدر میں ‘ہلال پاکستان’ سے نوازنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو ‘ہلال پاکستان’ ایوارڈ سے نوازا۔
قبل ازیں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کی جانب سے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔
این سی او سی کا دورہ
بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔
Prime Minister @ImranKhanPTI's luncheon in honor of @BillGates
Mr. Bill Gates is visiting Pakistan at the special invitation of the Prime Minister. pic.twitter.com/0D00LDxsCu
— PTI (@PTIofficial) February 17, 2022
بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، کورونا وبا کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں انہیں این سی او سی کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مختلف نان فارماسوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
Microsoft co-founder, and co-chair of the Bill & Melinda Gates Foundation @BillGates called on Prime Minister @ImranKhanPTI pic.twitter.com/RKgqJtAVBE
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) February 17, 2022
دورہ کرنے والے وفد کو کورونا وبا کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا۔
وفد کو جینوم سیکوینسنگ (مختلف ویرینٹس کے پھیلاؤ کی روک تھام) کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
بل گیٹس نے این سی او سی کے مختلف اقدامات بالخصوص اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے نفاذ اور پاکستان کی ویکسین انتظامیہ سے متعلق گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے این سی او سی کو ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے اور لاگو کرنے کے قابل بنایا۔