تازہ ترینخبریںدنیا

روس نے بدھ کو یوکرین پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے, امریکہ کا نیا شوشہ

امریکا نے نیٹو اتحادیوں کی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے اور حملے کے لیے جھوٹا بہانہ بنا سکتا ہے۔

خبرساں ادارے ’رائٹرز‘ کی شائع رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کی سرحد کے قریب ایک لاکھ سے زائد فوج اکھٹی کردی ہے جو کہ بحر اوقیانوس کے فوجی اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔

دوسری جانب اس تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا نے سفارتی راستے کھلے رکھے ہیں جو تاحال اس بحران کو کم کرنے میں ناکام ہے اور بار بار کہہ چکا ہے کہ حملہ جلد ہوسکتا ہے۔

ادھر روس کی جانب سے ایسے کسی بھی منصوبے کی تردید کی جارہی ہے اور مغرب پر ’ہسٹیریا‘ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پیر کو کیف اور منگل کو صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ بات چیت کے لیے ماسکو کے دورے پر آنے والے جرمن چانسلر اولاف شولز نے روس سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا اور حملہ کرنے کی صورت میں ماسکو پر پابندیوں کا انتباہ دیا۔

ایک جرمن عہدیدار نے کہا کہ برلن کو ٹھوس نتائج کی توقع نہیں لیکن سفارت کاری اہم ہے۔

واشنگٹن میں صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ حملہ اب کسی بھی دن ہو سکتا ہے۔

جیک سلیوان نے سی این این کو بتایا کہ ہم (حملے کے) دن کی یقینی طور پر پیش گوئی نہیں کرسکتے لیکن ہم اب کچھ عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وقت آگیا ہے۔

امریکی حکام نے کہا کہ وہ ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ امریکی انٹیلی جنس نے اشارہ دیا ہے کہ روس نے بدھ کو حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا کو جو کچھ معلوم ہوا وہ دنیا کو بتاتا رہے گا تاکہ روس کو فالس فلیگ آپریشن کرنے سے روکا جا سکے جو حملے کا بہانہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے سی بی ایس کو دیے گئے ایک علیحدہ انٹرویو میں مزید کہا کہ امریکا نیٹو کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا اور ہمارے خیال میں روس اس پیغام کو اچھی طرح سمجھتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جوبائیڈن نے اتوار کو اپنے یوکرینی ہم منصب ولادی میر زیلنسکی سے بات کی اور انہوں نے روس کی فوجی تیاری کے جواب میں سفارت کاری اور ان کے عزائم کی حوصلہ شکنی جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button