فلمی انداز میں کروڑوں روپے کا سونا اسمگل کرنے والی اداکارہ گرفتار

فلمی انداز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا بھارت اسمگل کرنے والی 31 سالہ بھارتی اداکارہ رانیا راؤ کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق رانیا راؤ کو چار مارچ کو بنگلورو ایئرپورٹ سے ساڑھے 14 کلو سونا جو کہ بھارتی 13 کروڑ روپے کا بنتا ہے، اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے فلمی انداز میں کپڑوں اور جسم کے ساتھ سونے کے بسکٹس کو اس طرح چپکایا ہوا تھا کہ اسے تلاش کرنا مشکل تھا، تاہم ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں بڑی ہوشیاری سے پکڑ لیا۔
اداکارہ کو ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے حکام نے گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا اور بعد ازاں انہیں 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ڈی آر آئی حکام نے اداکارہ کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارکر سونے سمیت خطیر نقد رقم کو برآمد کرلیا جب کہ حکام نے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا۔
دوسری جانب ’نیوز 18‘ نے اپنی ایک اور خبر میں بتایا کہ رانیا راؤ ریاست کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) رام چندر راؤ کی بیٹی ہیں، جنہوں نے مذکورہ واقعے کے بعد بیٹی سے اظہار لا تعلقی کردیا ہے۔
اداکارہ کے والد کا کہنا تھا کہ رانیا راؤ نے چار ماہ قبل بنگلورو کے ایک کاروباری شخص سے شادی کرلی تھی، اس کے بعد ان کا ملنا جلنا کم ہوچکا ہے اور انہیں بیٹی اور ان کے شوہر کے کاروبار سے متعلق کوئی معلومات نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کی سوتیلی بیٹی غلط کام میں ملوث پائی گئیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
رانیا راؤ نے 2014 میں کنڑ زبان کی فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے تامل فلموں میں بھی کام کیا اور ان کا شمار جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی ابھرتی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
رانیا راؤ نے چند بڑے بجٹ کی فلموں اور مقبول ہیروز کے ساتھ بھی مرکزی کردار ادا کیے، تاہم کچھ عرصے سے وہ فلم انڈسٹری سے دور تھیں اور چند ماہ قبل انہوں نے شادی کرلی تھی۔
رانیا راؤ کے تواتر سے دبئی اور بھارت کے دوروں کے بعد حکام کو ان پر شک ہوا اور ان کی کڑی نگرانی کرکے انہیں سونا اسمگل کرنے کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔