دنیا

قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی آئندہ ہفتے کے روز ہو گی: حماس

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اس کے ہاں یرغمال بنائی گئی اسرائیلی خواتین کی دوسری کھیپ کی رہائی آئندہ ہفتے کے روز ہو گی۔

خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی‘ نے اتوار کے روز حماس کے ایک رہنما کے حوالے سے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں قید خواتین قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی ہفتے کی شام کو ہو گی۔ خواتین قیدیوں کی پہلی کھیپ کل اتوار کو غزہ میں جنگ بندی کے پہلے دن ہوئی تھی۔

مذاکرات میں شریک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر وضاحت کی کہ "اسرائیلی قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی اگلے ہفتے کی شام جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے آغاز کے ساتویں دن ہو گی”۔دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی وابستگی کا اعلان کیا۔ تاہم اس نےکہا کہ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں خطرناک ہیں۔ القسام اس وقت تک جنگ بندی پر قائم ہے جب تک اسرائیلی فوج اس پر قائم ہے۔

القسام بریگیڈز نے واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ اسرائیلی خلاف ورزی سے آپریشن اور قیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ ہو گا۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ویڈیو خطاب میں ثالثوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ "ہم اپنے لوگوں کا خون بہانے کا سلسلہ بند کرانے اور جنگ بندی کے مقاصد کے حصول کے لیے معاہدے کی تمام شرائط اور مراحل کی کامیابی کے خواہشمند ہیں۔؂تمام ثالثوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دشمن کو ایسا کرنے پر مجبور کریں۔”

اتوار کے روز حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں قیدیوں کی پہلی کھیپ ریڈ کراس کے حوالے کر دی، جس نے بدلے میں تین اسرائیلی خواتین کو اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا۔

رہائی پانے والی تین خواتین قیدی اسرائیل پہنچی ہیں۔ 33 قیدیوں کی پہلی کھیپ ہیں جنہیں چھ ہفتے کے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے دوران رہا کیا جائے گا۔ اس عرصے کے دوران اسرائیلی جیلوں سے تقریباً 1900 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت جنگی کارروائیاں بند ہو جائیں گی اور اسرائیلی فوج آبادی والے علاقوں سے انخلاء کریں گی۔

جواب دیں

Back to top button