شام میں بشار الاسد کا 24 سالہ اقتدار ختم
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ شامی صدر بشارالاسد دمشق میں نہیں ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد دمشق میں نہیں ہیں۔
سی این این کے مطابق شامی صدارتی محل نے کہا ہےکہ صدر ملک میں ہی ہیں تاہم ذرائع نے بتایا ہےکہ شامی صدر دمشق میں کسی بھی ایسے مقام پر نہیں ہیں جہاں ان کے ہونے کی توقع ہو۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بشارالاسد کے صدارتی محافظ بھی ان کی معمول کی رہائش گاہ پر تعینات نہیں ہیں جس کے باعث ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہےکہ بشار الاسد فرار ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق باغی فورسز کے پاس بشارالاسد کے مقام کے بارے میں کوئی ٹھوس انٹیلی جنس رپورٹ نہیں ہیں اور وہ انہیں تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شامی باغیوں کی دمشق کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے جب کہ باغیوں نے دمشق کے جنوبی ٹاؤن صنمین پر قبضےکا دعوٰی بھی کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق باغیوں کی دارالحکومت دمشق کی جانب پیش قدمی کے باعث شامی صدربشارالاسد کی کابینہ اور بڑی تعداد میں فوجی ائیربیس میں جمع ہوگئے ہیں۔