ہمارا دھرنا جاری ہے: علی امین گنڈاپور
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہمارا دھرنا جاری ہے۔
مانسرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی کال تک یہ دھرنا جاری رہے گا۔
اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں اعلیٰ حکام سے اہم میٹنگ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور سے میٹنگ میں کمشنر اور ڈی آئی جی بھی موجود تھے، مانسہرہ اسٹیڈیم میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ممکنہ طور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر مانسہرہ سے پشاور جائیں گے
خیبر پختون خوا کے چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بھی ہنگامی بنیادوں پر طلب کرنے کے بعد اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ پہلے پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے لیے 11 بجے کا وقت دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی مانسہرہ پہنچ گئے تھے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم کے بھائی تیمور سلیم نے تصدیق کی تھی کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچے ہیں۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ بشریٰ بی بی اور عمر ایوب خان بھی ہیں