دنیا

حماس کا حملہ روکنے میں ناکامی٬ اسرائیلی انٹیلجنس سربراہ مستعفی

اسرائیلی فوج کے انٹیلیجنس سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے سات اکتوبر کے حملے کو روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ اس ضمن میں انھوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ میجر جنرل اہارون ہالیوا اپنے جانشین کے انتخاب کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

ایک خط میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس پر ’جس کام کے لیے اعتماد ظاہر کیا گیا وہ اسے نبھانے میں ناکام رہی۔‘

حماس کے حملے کے بعد پہلی بار اسرائیلی فوج کے کسی سینیئر عہدیدار نے استعفی دیا ہے۔
اسرائیلی فوج اور انٹیلیجنس کے اہلکاروں نے حماس کے ممکنہ حملے کے حوالے سے وارننگز کو نظر انداز کیا۔ حماس کے مسلح جنگجوؤں نے سات اکتوبر کو غزہ کی سرحد عبور کر کے اسرائیلی کمیونٹی، فوجی اڈے اور میوزک فیسٹیول پر حملہ کیا تھا۔

اس حملے میں 1200 اسرائیلی اور غیر ملکی افراد (جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی) ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حماس نے 253 افراد کو یرغمال بنایا۔

اس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ میں زمینی و فضائی جنگ کا آغاز کیا جس کا مقصد حماس کا ’نام و نشان مٹانا‘ اور یرغمالیوں کو آزاد کرانا تھا۔

غزہ میں اب تک 34 ہزار سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ یہ اعداد و شمار حماس کے زیرِ انتظام فلسطینی وزارت صحت کے فراہم کردہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button