ہائیکورٹ ججز خط پر سماعت: بینچ ممبران کے اختلافی نوٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر از خود نوٹس کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کی پہلی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔
تحریری حکمنامہ کے مطابق معاملے پر عدلیہ کا بطور ادارہ رسپانس کیا ہو؟ سپریم کورٹ نے پاکستان بار، سپریم کورٹ بار اور وفاق سے تجاویز طلب کر لیں۔
جسٹس اطہر من اللّٰہ نے حکمنامے کے 12 پیراگراف سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا پیراگراف ایک سے 12 تک سے اتفاق کیلئے خود کو قائل نہیں کر سکا۔
حکمنامے کے مطابق جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم کو طلب کیا جا سکتا ہے یا نہیں اس سوال پر فل کورٹ نے ابھی غور کرنا ہے، حکومت کے کمیشن بنانے سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہوتی ہے یا نہیں؟ ابھی طے ہونا ہے۔جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ جو سوال عدالت کے سامنے ہیں ان پر ابھی رائے دینا مناسب نہیں، ہائیکورٹ ججز کا خط دکھاتا ہے وہ ہر متعلقہ فورم پر معاملہ اٹھاتے رہے، معاملے کی سنجیدگی کے باوجود ادارے نے رسپانس نہیں دیا۔
حکمنامے کے مطابق جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ سیاسی اثرات رکھنے والے کیسز میں مداخلت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں عدالت خود یہ مان چکی، مداخلت کس حد تک ہے یہ دیکھنے کیلئے اصغر خان کیس کافی ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کا اضافی نوٹ
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ میں کہا کہ ہائی کورٹس آئین کے تحت آزاد عدالتیں ہیں، آرٹیکل 184/3ہائی کورٹس کی آزادی پر استعمال نہیں ہونا چاہیے، از خود نوٹس اچھی نیت سے لیا گیا لیکن از خود نوٹس سے ہائی کورٹس اور ان کے چیف جسٹسز کی آزادی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ 6 ججز کے خط میں اٹھائے گئے معاملات سپریم جوڈیشل کونسل کے ضابطہ اخلاق میں دیکھے جانے چاہئیں، میں خود کو از خود نوٹس کے بینچ سے الگ کرتا ہوں۔
جسٹس اطہر من اللہ کا ججز خط کے حکم میں اضافی نوٹ
اضافی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللّٰہ نے لکھا کہ خط لکھنے والے 6 ہائی کورٹ جج وسل بلور ہیں، آواز اٹھانے والے ان ججز کو مسائل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، فل کورٹ کے سامنے انتظامیہ کو ثابت کرنا ہوگا اس کی جانب سے مداخلت نہیں ہوتی، کٹہرے میں انتظامیہ ہے اور بار ثبوت بھی انتظامیہ پر ہے۔