جرم کہانی

آصف کی جان لینے والی قاتل ڈور بنانے والے قانون کی گرفت میں

فیصل آباد پولیس نے پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے محمد آصف اشفاق کی قاتل ڈور کے مالک کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا۔

سی پی او فیصل آباد محمد علی ضیا نے اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان آصف کی پتنگ کی ڈور سے ہونے والی موت کے المناک واقعہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کےلیے 48 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کے پاس ایک ڈور کے علاوہ کوئی سراغ نہیں تھا تاہم پولیس تفتیش کے دوران وقوعہ کے قریب ایک چھت پر پتنگ بازی کرنے والے عابد نامی شخص کو تلاش کیا گیا جس نے حراست میں لیے جانے کے بعد اقرار جرم کر لیا کہ اس کی پتنگ کی ڈور سے ہی آصف کی موت واقع ہو ئی جس پر وہ خود بھی بہت پریشان تھا۔
سی پی او فیصل آباد کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر اسے دھاتی ڈور لا کر دینے والے اور فروخت کرنے والے دیگر چار افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل فیصل آباد کے ڈجکوٹ روڈ پر موٹرسائیکل سوار آصف گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button