جرم کہانی

بھارتی خاتون ڈاکٹر کی پُل سے کود کر خودکشی، والد کیلئے پیغام

بھارتی خاتون ڈاکٹر نے پل سے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، خاتون کا خودکشی سے قبل تحریر کیا گیا خودکشی نوٹ بھی سامنے آگیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 43 سالہ خاتون ڈاکٹر کی لاش کو تلاش کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے گھر سے ایک نوٹ ملا ہے جو کہ ڈاکٹر نے خودکشی کرنے سے قبل اپنے والد کے نام لکھا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی میں نئے بنائے گئے اٹل سیتو پُل سے کود کر خودکشی کرنے کا یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ ممبئی میں اپنے والد کے ساتھ رہائش پزیر تھی۔ خاتون ڈاکٹر کنجل کانتی لال شاہ کافی عرصے سے ڈپریشن میں تھی جس کا علاج کیا جارہا تھا۔

پولیس کا تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ پیر کی سہ پہر کنجل کانتی لال نے اپنے گھر کے قریب سے ٹیکسی لی اور ڈرائیور سے اسے اٹل سیتو لے جانے کے لیے کہا۔

کنجل نے ڈرائیور سے سمندر کے اوپر بنے پل پر تھوڑی دور جانے کے بعد ٹیکسی روکنے کا تقاضہ کیا، جس پر ڈرائیور ہچکچا رہا تھا لیکن اس کے اصرار پر ڈرائیور نے ٹیکسی روک دی، جس کے بعد کنجل ٹیکسی سے باہر نکلی اور اس نے پل سے چھلانگ لگادی۔

پولیس کے مطابق کنجل نے گھر سے باہر نکلنے سے قبل اپنے والد کو بتایا تھا، والد کے گھر لوٹنے پر اُنہیں بیٹی کی جانب سے لکھا گیا نوٹ ملا جس میں کنجل نے والد کو بتایا تھا کہ وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے اٹل سیتو پُل کی جانب روانہ ہورہی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون ڈاکٹر نے اپنی خودکشی سے قبل لکھے گئے نوٹ میں خودکشی کے فیصلے کی اصل وجہ 8 سال پر محیط شدید ڈپریشن کو ٹھہرایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button