آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر منتخب

حکمراں اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر پاکستان کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے۔
پارلیمنٹ سے آصف علی زرداری نے 255 ووٹ لیے، سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔
سندھ اسمبلی میں آصف علی زرداری کو 58 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں محمود اچکزئی کو 40 اعشاریہ 80 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ آصف علی زرداری کو 7 اعشاریہ 62 الیکٹورل ووٹ ملے۔
بلوچستان اسمبلی میں آصف زرداری نے تمام 47 ووٹ حاصل کیے، ان کے مقابل محمود خان اچکزئی کوئی ووٹ حاصل نہیں کرسکے۔
مجموعی طور پر جے یو آئی ف کے 12، جماعت اسلامی کے ایک رکن نے ووٹ نہیں ڈالا جبکہ سینیٹر شبلی فراز، اعجاز چوہدری، اعظم سواتی اور جی ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین شاہ نے بھی ووٹ نہیں ڈالا۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے سے کافی پہلے دونوں صدارتی امیدوار آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا تھا۔
سینیٹر شیری رحمٰن حکومتی اتحاد کی جانب سے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ مقرر کی گئیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین سنی اتحاد کونسل و دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر تھے۔
پولنگ شروع ہونے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں خالی بیلٹ بکس دکھایا گیا تھا۔