تازہ ترینخبریںسپورٹس

ورلڈ کپ فائنل: آسٹریلیا کیخلاف بھارت کی بیٹنگ جاری, ویرات کوہلی بولڈ

ورلڈ کپ فائنل میچ میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد بھارتی جوڑی روہت شرما اور شُبمن گِل نے اننگ کا آغاز کیا۔

بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کے لیے تیز بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تاہم آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے اننگ کے 4.2 اوور میں بھارت کی پہلی وکٹ 30 رنز پر حاصل کرلی۔

انہوں نے شُبمن گِل کو صرف 4 رنز پر ایڈم زیمپا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

بعدازاں ویرات کوہلی کریز پر آئے اور اس کے بعد بھی دونوں بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی تاہم اسی دوران مزید ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کے دوران کپتان روہت شرما آؤٹ ہوگئے۔

اننگ کے 9.4 اوورز میں 76 رنز پر گلین میکسول کی گیند پر روہت شرما 47 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلوی بولرز نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اگلے ہی اوور میں شریاس ائیر کی وکٹ بھی حاصل کرلی۔

اننگ کے 10.2 اوور میں 81 رنز پر شریاس ائیر کو 4 رنز پر کپتان پیٹ کمنز نے وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔

بعدازاں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے آسٹریلوی بولرز کی شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے محتاط طریقے سے کھیلتے ہوئے پارٹنرشپ قائم کی۔

اس دوران دونوں بیٹرز کافی دیر تک باؤنڈریز لگانے میں ناکام رہے اور اس پارٹنرشپ میں ایک موقع ایسا آیا کہ دونوں بیٹرز 97 گیندوں تک کوئی باؤنڈری نہ لگا سکے۔

اسی دوران بھارت کی چوتھی وکٹ 28.3 اوورز میں 148 رنز پر گری جب پیٹ کمنز نے ویرات کوہلی کو 54 رنز پر بولڈ کیا۔

میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کر رہے ہیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ فائنل میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

اس موقع پر روہت شرما نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پِچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ورلڈ کپ فائنل میں کپتانی کرنا خواب تھا جو پورا ہوا۔

روہت شرما نے بتایا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button