نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے لیے ہمارا کوئی فیورٹ ہے نہ ہم کسی سے خوفزدہ ہیں، الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی سے متعلق سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف لازمی اپیل کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 9مئی کا چیلنج درپیش ہے، عوام نے عمران خان کو ووٹ اس لیے نہیں دیا تھا کہ ریاست کے اداروں کےخلاف عمل کریں۔تاہم پی ٹی آئی کے جلسوں پر پابندی کی کوئی پالیسی نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے مستقبل کا فیصلہ عدالتی کیسز کی روشنی میں ہوگا۔
انوارالحق کاکڑ نےکہا کہ ہم نےکابینہ میں صوبائی حکومتوں سےمتعلق گفتگو کی ہے،انتخابات صاف و شفاف ہونے چاہئیں،انتخابات میں لیول پلینگ فیلڈ ہونی چاہئیں،جتنی سیاسی جماعتیں ہیں انہیں سازگارماحول ملنا چاہیے،لوگوں نے جس کوجومینڈیٹ دینا ہے وہ دیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو قانون کے مطابق طاقت سے نکالیں گے، ڈی پورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپنے ملک سے ہمارے لوگ نکالنا چاہتے ہیں تو ہم لینے کو تیار ہیں، افغانستان سے رشتہ ناطہ توڑ نہیں رہے ہیں۔