تازہ ترینخبریںپاکستان

ڈالر کی اڑان، سمگلنگ روکنے کے لیے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی سختی سے مانیٹرنگ کررہے ہیں: گوہر اعجاز

نگران وفاقی وزیر تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز اور نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی ، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ ، لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرشاہد حیدر ،منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل عامر طفیل ، لاہور چیمبر کے سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں اور اس کے تحت وہی سامان آنے دیا جائے گا جس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی قیمت کی ایک بڑی وجہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی ہے جس کی سختی سے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ اس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت نہ بڑھے اور سمگلنگ کی روک تھام بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی ان پٹ، خام مال درآمد کیے جاتے ہیں جبکہ انرجی کی قیمت بھی انٹرنیشنل قیمت سے منسلک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرنسی ڈی ویلیو ہونے کی وجہ سے ایکسپورٹ کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ یہ کم ہوئی۔ کریک ڈاﺅن کے اچھے نتائج برآمد ہوئے اور ڈالر کی قیمت نیچے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے صدر نے مسائل کی درست نشاندہی کی اور بطور بزنسمین انہیں متعلقہ پلیٹ فارم پر اٹھاتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں گیس کی سپلائی میں امتیاز اور قیمتوں میں فرق سے ترقی کا عمل متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن میں بجلی کی قیمت سات سینٹ جبکہ ہمارے ملک میں چودہ سینٹ ہے تو ان ممالک کا کیسے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو چھوڑ کر ملک کے بقیہ تمام سیکٹرز کی مینوفیکچرنگ پانچ ارب ڈالر جبکہ ایتھوپیا کی دس ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کا اثاثہ ہیں، ملک کے استحکام کے لیے سب کو مل کر کھڑا اور کام کرنا ہوگا۔ نگراں وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا کہ گیس کی قیمتیں ہمیشہ ایک تشویشناک مسئلہ رہا ہے، جلد ہی ان میں تبدیلی کا اعلان کیا جائے گا۔ راتوں رات انرجی کی قیمتیں کم کرنا ممکن نہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے انڈر ہیں اور دیکھ بھال کر اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نارتھ میں گیس کی قیمت ساﺅتھ کے مقابلے میں زیادہ ہیں ، ساﺅتھ میں بھی گیس کی قیمت بڑھاکر فرق کم کیا جائے گا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایل این جی امپورٹ کے لیے دو ٹرمینل ہیں، انہیں پوری کپیسٹی پر چلائیں تو بھی گیس کی شارٹیج کم نہیں ہوگی۔ جو لانگ ٹرم کنٹریکٹ کیے ہیں وہ ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف ایکشن جاری ہے اور پچھلے صرف دس روز میں چھ ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیاجس میں انہوں نے ، جس نے سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا، جس کے بہت مثبت معاشی نتائج برآمد ہوئے۔ صدر لاہور چیمبر نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام اور خسارے میں چلنے والے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی نجکاری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے روپے کو مستحکم کرنے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے درآمدی خام مال پر ڈیوٹی کے خاتمے، کنٹینر کی رہائی میں تیزی، ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کے لیے زیر التواءریفنڈز اور آڈٹ کے حل پر زور دیا۔کاشف انور نے تجارتی خسارے کو کم کرنے، برین ڈرین کا مقابلہ کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعت کاری اور لوکلائزیشن کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے بارٹر ٹریڈ کو فروغ دینے کے حکومتی اقدام کی تعریف کی اور اس کے موثر نفاذ پر زور دیا۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی کو بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے شمسی توانائی کے نیٹ ورک کو وسعت دینے اور نئے آبی ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر پر زور دیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے مذکورہ بالا نکات کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے بورڈز میں کاروباری نمائندوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کھولنے کی عجلت پر زور دیا، جو کہ کاروباری برادری میں تشویش کا باعث ہے، اور بندرگاہوں پر کنٹینرز ریلیز کرنے کا عمل تیز کرنے پر زور دیا۔ کاشف انور نے پالیسی ریٹ میں مزید اضافہ نہ کرنے کے دانشمندانہ فیصلے پر حکومت کی تعریف کی اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے مزید کمی کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے صنعت کے لیے ون ونڈو آپریشنز متعارف کرانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی بھی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button