پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاریخ کے بجائے مہینے کا تقرر باعثِ حیرت ہے، آئین الیکشن کمیشن کو 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جنوری کی کوئی بھی تاریخ 90 روز کی آئینی مدت سے باہر ہوگی، 90 روز میں انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، حتمی فیصلے تک 90 روز سے باہر تاریخ کو قوم کیلیے قبول کرنا ممکن نہیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت مطلوب ماحول قائم کرنے میں ناکام ہے، پی ٹی آئی انتخابی عمل کی سب سے بڑی فریق سیاسی جماعت ہے، پارٹی کو بدترین ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخاب سے باہر کرنے کیلیے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے، شفاف الیکشن ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی واحد سبیل ہے۔