تازہ ترینخبریںسپورٹس

ورلڈ کپ، میچز نتیجہ خیز بنانے کیلیے آئی سی سی سرگرم

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز آئندہ ماہ 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے میگا ایونٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے آئی سی سی نے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے میزبان اسٹیڈیمز کے کیوریٹرز کیلیے پروٹوکول جاری کر دیے ہیں اور انہیں وکٹیں ایسی بنانے کی ہدایت کی ہے جس میں ٹاس جیتنے یا ہارنے کا میچ کے نتیجے میں عمل دخل کم ہو۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد والے مہینے اکتوبر اور نومبر میں پورے بھارت میں رات کے وقت اوس پڑتی ہے جب کہ ورلڈ کپ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ کھیلے جائیں گے۔ اس لیے ٹورنامنٹ کے دوران گراؤنڈز میں لازمی اوس پڑے گی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی کنڈیشنز عام طور پر اسپن کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں تاہم آئی سی سی نے اوس کے حوالے سے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیوریٹرز کے لیے نئے پروٹوکول جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچوں پر گھاس کو زیادہ چھوڑ دیں تاکہ کھیل میں ان کا کردار بھی رہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی یہ ہدایت دو سال قبل یو اے ای میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میچز کو دلچسپ بنانے کے لیے اہم قدم ہے کیونکہ 2021 میں امارات میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی اوس پڑی تھی اور اس میں بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم فائدے میں رہی تھی۔

دوسری جانب میچز میں بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں باؤنڈریز کا سائز 70 میٹرز یا اس سے زائد رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤنڈری سائز کم از کم 65 جب کہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹر ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button