تازہ ترینتحریکخبریں

عمران خان نے جو بھی کہا اسے درست سمجھتا ہوں، شیخ رشید

مسلم لیگ (عوامی) کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے دوران روسٹرم پر کھڑے ہو کر کہا کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ آصف زرداری ان پر حملہ کروانا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے جو بھی کہا میں اسے درست سمجھتا ہوں۔ 

گزشتہ شب گرفتار کیے گئے شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے وکیل انتظار پنجوتھا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد خود انہوں نے روسٹرم پر آنے کی اجازت طلب کی تھی۔ اجازت ملنے کے بعد شیخ رشید روسٹرم پر آئے۔

عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا میں بہت سمارٹ ہوں، چھوٹی بات کروں گا۔ درخواست ایس ایچ او کو دینی چاہیے تھی۔ جب میں وزیر تھا تو ایس ایس پی کے ساتھ ذاتی مسئلہ تھا۔  مجھے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا، میں نے اپنے وکیل کو بھیجا، پولیس مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے جس کے باعث مجھے بلایا گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تینوں بار میں میرٹ پر وفاقی وزیر تعینات ہوا، میں نے 70 لاکھ انکم ٹیکس دیا، کوئی اتنا ٹیکس نہیں دیتا۔ راولپنڈی میں مجھے اسلام آباد پولیس نے کیسے گرفتار کیا، میرے گھر وارنٹ کے بغیر کمانڈوز کیسے داخل ہوسکتے ہیں؟ 200 اہلکار میرے گھر میں گھس گئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب سے گرفتار کیا مجھ سے کچھ نہیں پوچھا گیا، مجھ پر تشدد بھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر پولیس کے آنے کی ویڈیو بھی موجود ہے، میرے موبائلز بھی لے لیے گئے۔ مجھ پر اسلام آباد پولیس نے حملہ کیا، میرے فون میں اہم نمبر ہیں۔ جس پولیس افسر نے مجھے ہتھکڑی لگائی وہی مجھے سلوٹ کرتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند لوگ ملک میں انتخابات نہیں کروانا چاہتے۔ مجھے عمران خان نے کہا کہ الیکشن مہم میں سامنے نکلوں۔ میرا تجزیہ ہے کہ انتخابات سے قبل عمران خان کو نااہل یا جیل بھیجنے کا پلان کیا جارہا ہے۔ عمران خان کو زہر بھی دیا جاسکتا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں کہ آصف زرداری انہیں مارنا چاہتا ہے ، میں نے کہا عمران خان کے پاس آصف علی زرداری کے خلاف ثبوت ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا پر بیان دینا ایک طرح سے میری تںخواہ بھی ہے۔ میں نے چند عرصہ قبل ہی سوشل میڈیا شروع کیا۔ مجھ سے پوچھا جارہا ہے کہ عمران خان نے تم سے کیا انفارمیشن شیئر کی۔

شیخ رشید احمد نے جب اپنا بیان مکمل کرلیا تو انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ میری 73 سال عمر ہے، بیٹھ سکتا ہوں؟ جس کے بعد عدالت نے شیخ رشید کو کمرہ عدالت میں موجود کرسی پر بیٹھنے کی اجازت دے دی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button