
لاہور: دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنے کے خدشے کے پیشِ نظر پنجاب میں 10روز کیلئے دفعہ144 نافذ کر دی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہےکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے خطرات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ان انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنےکی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوامی امن و سکون اورجان و مال کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر دفعہ144نافذ کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ144کا نفاذ 6 سے15 اکتوبر تک کیلئےکیا گیا ہے، اس دوران عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہوں پر 5 یا زائد افراد کےاجتماع، جلوس یا اکٹھ پر مکمل پابندی عائد رہےگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہو گی، غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کیلئے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد رہےگی، پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا







