
لاہور, اگست 30– آئی ٹی انڈسٹری کے معروف رہنما جازب زمان کی میزبانی میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل اور پیٹرن انچیف پیاف میاں انجم نثار کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں نائب صدر خرم لودھی اور چوہدری سرور گھمن سمیت پیاف قیادت اور آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں آئی ٹی انڈسٹری اور پیاف قیادت کے درمیان کاروباری برادری کے مسائل اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جازب زمان نے آئی ٹی انڈسٹری کی جانب سے پیاف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر الیکشن میں آئی ٹی انڈسٹری پیاف کے امیدواروں کے ساتھ کھڑی ہے اور پیاف کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
جازب زمان نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے پیاف کی قیادت پر اعتماد ہے۔ کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں پیاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور چیمبر میں کاروباری طبقے کی مؤثر نمائندگی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے تقریب میں شریک پیاف قیادت اور کاروباری برادری کا خیرمقدم بھی کیا۔
پیاف کے پیٹرن انچیف میاں انجم نثار نے جازب زمان اور آئی ٹی انڈسٹری کی جانب سے میزبانی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری ملکی معیشت اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پیاف کاروباری برادری کو ساتھ لے کر چیمبر کی مضبوط اور مؤثر نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر الیکشن میں کاروباری برادری کا اعتماد پیاف کے اتحاد اور کارکردگی کا ثبوت ہے جبکہ آئی ٹی سیکٹر سمیت تمام شعبہ ہائے کاروبار کے مسائل کا حل پیاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے آئی ٹی انڈسٹری کی جانب سے پیاف کی حمایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر پاکستان کی معیشت اور برآمدات کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیاف تمام شعبہ ہائے کاروبار کو ساتھ لے کر چیمبر کی مؤثر نمائندگی کرے گا اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ کاروباری برادری کا اتحاد ہی چیمبر کی مضبوط آواز بننے کی بنیاد ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری سمیت تمام کاروباری شعبوں کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے نجی شعبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا متحد ہونا ضروری ہے۔
تقریب میں پیاف قیادت اور آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں نے چیمبر الیکشن کے حوالے سے باہمی مشاورت کی اور کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کاروباری برادری کا اتحاد، باہمی رابطہ اور مؤثر نمائندگی چیمبر کی مضبوط آواز کے لیے ناگزیر ہے۔







