تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

امن کی کوششوں کی حمایت پر چینی قیادت کا مشکور ہوں: وزیرِ اعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن سے متعلق کافی پیش رفت ہوچکی ہے، امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی بھرپور کوششوں کی حمایت پر چینی صدر اور قیادت کا مشکور ہوں۔

 

چین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں پُر وقار استقبالیے کا انعقاد کیا گیا، چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرُ تپاک استقبال کیا۔

 

دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، دونوں وزرائے اعظم نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر ، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وفد کا تعارف کروایا، چین کے وزیرِ اعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔

 

تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کو چین کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

وزیرِ اعظم شہبازشریف اور چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔

 

چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے، مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا ہے، پاکستان نے علاقائی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، صدر شی جن پنگ کی آج وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہو گی، یہ ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی

 

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، ہم شہباز شریف کے ساتھ عملی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جواباً کہا کہ چین کے دورے کی دعوت پر آپ کا بے حد مشکور ہوں، آپ کے عظیم ملک کا دورہ کرنا میرے لیے ہمیشہ بے حد خوشی کا باعث ہوتا ہے، جب بھی چین آتے ہیں ہمیں نئی تعمیرات اور عظیم ترقی دیکھنے کو ملتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ چین کے برادر عوام سے صوبہ شانستی کی کوئلے کی کان میں دھماکے پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے، ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

 

ان کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت تاریخ کے ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑے ہیں، پاکستان اور چین اپنی شاندار دوستی اور سفارتی تعلقات کا 75 واں سال منا رہے ہیں، پاکستان چین دوستی کی بنیاد ہمارے بانی رہنماؤں نے رکھی تھی، ہمارے بانیان نے دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد اور مستحکم عمارت قائم کی، اب ہم اس ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے سفر پر گامزن ہیں۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا ایک انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، خلیجی خطے میں بحران موجود ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں مخلصانہ کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تہران سے واپس آئے ہیں، فیلڈ مارشل اس اہم دورے کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے، وہ رات بھر سفر میں رہے اور اس ملاقات میں شامل ہوئے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں میں اہم کردار ادا کیا۔

 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ دعا گو ہیں کہ امن ہمیشہ کے لیے بحال ہو، امن سے متعلق کافی پیش رفت ہو چکی ہے، معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی بھرپور کوششوں کی حمایت پر چینی صدر اور قیادت کا مشکور ہوں

جواب دیں

Back to top button