
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے لیے سنجیدہ ہے تاہم ایرانی قوم کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
ایرانی ایوانِ صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتِ حال، خصوصاً آبنائے ہرمز، عارضی جنگ بندی اور ایران و امریکا کے مذاکرات پر تبادلۂ خیال کیا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے لیکن امریکا کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں نے تہران کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے
اُنہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران پر ہونے والے 2 حملے ’پیٹھ میں چھرا گھونپنے‘ کے مترادف تھے۔







