
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک پر مسلسل دوسرے دن میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں تاہم ایران نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں امارات کے خلاف کوئی فوجی کارروائی نہیں کی گئی اور اگر ایسا ہوتا تو کھل کر اعلان کیا جاتا۔
دوسری جانب اماراتی حکام کے مطابق پیر کے حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ فجیرہ میں واقع ایک اہم تیل کی تنصیب پر ڈرون گرنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی
الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے کیے گئے دعوے کے مطابق منگل کے حملے کے نقصانات کی تفصیل فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے ردِعمل میں آبنائے ہرمز میں دباؤ مزید بڑھا دیا ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں







