
ایران نے خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کی بندرگاہوں سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ بندرگاہیں یا تو سب کے لیے ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک کے قانونی حقوق کا دفاع ہماری ذمے داری ہے اور علاقائی پانیوں میں خودمختاری کا استعمال ایرانی قوم کا فطری حق ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کو یقینی بناتا رہے گا اور دشمن سے منسلک جہازوں کو اس اہم گزرگاہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ دیگر جہازوں کو ایرانی قوانین کے مطابق گزرنے کی اجازت ہو گی۔
ایرانی افواج کے مطابق دشمن کی جانب سے جاری خطرات کے پیشِ نظر جنگ کے خاتمے کے بعد بھی آبنائے ہرمز پر مستقل کنٹرول کا نظام نافذ کیا جائے گا۔
بیان میں امریکا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنا غیر قانونی اقدام ہے اور اسے قذاقی کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔







