تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

وزیر اعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے کمی کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اہم خطاب میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر ہوگی، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک منتقل کیا جائے گا، اور اب جب عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی آئی ہے تو اس کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت پہلے ہی 129 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔

 

خطاب کے دوران وزیراعظم نے خطے کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی خطے میں کشیدگی کے بعد اب امن کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے اور جو فریقین کل تک آمنے سامنے تھے، آج مذاکرات کی میز پر آ چکے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی کی تجویز کو قبول کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وفود کا اسلام آباد آنا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا، اور ان خدمات کو تاریخ میں سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔

جواب دیں

Back to top button