
*تاریخ رقم: پاکستان ویمنز ٹیم کی فیفا سیریز میں 0-8 سے ریکارڈ ساز فتح*
آبیجان: پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم نے فیفا سیریز کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ترک اینڈ کیکوس آئی لینڈز کو 0-8 سے شکست دے کر اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے 2022 میں مالدیپ کے خلاف 0-7 سے جیت کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان کی جانب سے زہمینہ ملک، اقصی مشتاق، لیلیٰ بنارس، مریم محمود، نادیہ خان اور اسراء خان نے گول اسکور کیے۔ میچ کے پہلے ہاف میں 4 گول اسکور کر کے قومی ٹیم نے اپنی برتری واضح کر دی تھی، جبکہ دوسرے ہاف میں مزید چار گول کر کے فتح کو یادگار بنا دیا۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے اس تاریخی کامیابی پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں ویمنز فٹ بال کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے اگلے میچوں میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔







