تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

ایران امریکا مذاکرات آج: پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن گیا

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفود کی سطح پر ابتدائی بات چیت آج ہوگی جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کو طے پایا ہے۔ ان مذاکرات میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی امریکی وفد پاکستان پہنچے گا، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔

ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہر ممکن حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں انہوں نے کہا کہ امریکی وفد پاکستان کا خصوصی مہمان ہوگا اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات بند کمروں میں ہوں گے اور حساس معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ ان کے مطابق امریکا کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اپنے قومی مفادات کو ترجیح دے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات نہ صرف خطے کی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتے ہیں بلکہ پاکستان کے سفارتی کردار کو بھی مزید نمایاں کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button