تازہ ترینخبریںدنیاسپورٹسپاکستان

آئی پی ایل کی وجہ سے میرا کیریئر ختم ہوا: سابق کپتان انگلینڈ کیون پیٹرسن کا انکشاف

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے انکشاف کیا ہے کہ میرا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کے تنازع کی وجہ سے وقت سے پہلے ہی ختم ہو گیا۔

 

بھارتی یوٹیوبر رنویر الہٰ آبادیہ کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں کیون پیٹرسن نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے ابتدائی دنوں میں میرے خلاف میڈیا کے ذریعے ’وِچ ہَنٹ‘ (منفی مہم) چلائی، بورڈ نے اخبار دی ٹیلی گراف کو استعمال کرتے ہوئے مجھ پر دباؤ ڈالا۔

 

اُنہوں نے مزید کہا کہ 2008ء میں انگلینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ 2009ء میں محدود مدت کے لیے مجھے اجازت دی گئی، اسی سال میں نے آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد میرے بورڈ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

 

 

کیون پیٹرسن کا کہنا ہے میں نے بڑے سمجھوتے کیے اور اپنا کیریئر کھو دیا، میرا کیریئر 33 سال کی عمر میں 104 ٹیسٹ میچز کے بعد ختم ہو گیا حالانکہ مجھے 150 سے 160 ٹیسٹ کھیلنے اور 12000 سے 13000 رنز بنانے تھے۔

 

اُنہوں نے بتایا کہ میں اب پرسکون زندگی گزار رہا ہوں تاہم میری قربانیوں کی بدولت آج انگلینڈ کے کھلاڑی فرنچائز کرکٹ آزادی سے کھیل رہے ہیں۔

 

سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ جوز بٹلر نے بھی حالیہ گفتگو میں میرا شکریہ ادا کیا کیونکہ موجودہ نسل کو آئی پی ایل سمیت دیگر لیگز میں کھیلنے کی آزادی حاصل ہے۔

 

واضح رہے کہ کیون پیٹرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 8181 رنز اسکور کیے جن میں 23 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں

جواب دیں

Back to top button