Column

وزیراعظم کا عوام دوست اقدام

وزیراعظم کا عوام دوست اقدام

پاکستان کی تاریخ میں چند ایسے موقع آتے ہیں جب قیادت اپنے عوام کی تکالیف اور مشکلات کو سمجھ کر فوری اور عملی اقدامات کرتی ہے۔ حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت میں فی الفور 80روپے کمی کا اعلان کرکے ایک تاریخی اور عوام دوست فیصلہ کیا ہے، جو نہ صرف عام شہری کی زندگی کو آسان بنائے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں واضح کیا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بے حد بڑھ گئی ہیں اور مہنگائی نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس صورت حال میں عوام کے لیے سہولت فراہم کرنا کوئی آسان کام نہیں، شہباز شریف نے اپنی بصیرت، تجربے اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ یہ فیصلہ لیا۔ انہوں نے فوری پٹرول کی قیمت 458روپے 41پیسے سے کم کرکے 378روپے 41پیسے فی لٹر کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا اطلاق رات 12بجے سے ملک بھر میں ہوگیا اور یہ کمی اگلے ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر نافذالعمل ہوگی۔ یہ فیصلہ محض ایک قیمت میں کمی نہیں بلکہ عوام کے لیے حقیقی راحت کا پیغام ہے۔ ملک میں ہر شہری جانتا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں روزمرہ کی زندگی پر کتنا اثر ڈالتی ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایے، اشیائے خورونوش اور روزمرہ کے دیگر اخراجات کے باعث غریب عوام مہنگائی کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔ ایسے میں وزیراعظم کا یہ اقدام عوام کے لیے ایک عزم اور یقین دہانی کی علامت ہے کہ حکومت ان کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور ان کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں یہ واضح ہوگیا ہے کہ عوام کی فلاح اور خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے نہ صرف پٹرول کی قیمت میں کمی کی بلکہ مختلف شعبوں میں سبسڈی اور امدادی پیکیجز کا بھی اعلان کیا۔ موٹرسائیکل پر فی لٹر 100روپے سبسڈی، گڈز ٹرانسپورٹ کو 100روپے فی لٹر کی سبسڈی، چھوٹے اور بڑے ٹرکوں کے لیے مالی امداد، بسوں کے لیے ماہانہ سبسڈی اور چھوٹے کسانوں کے لیے فی ایکڑ1500روپے امداد، یہ سب اقدامات نہ صرف مالی بوجھ کو کم کریں گے بلکہ معاشرتی استحکام اور ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے اپنے کابینہ ارکان کی 6ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا اعلان بھی کیا، جو ان کی عوامی خدمت کے جذبے اور ذاتی قربانی کی بہترین مثال ہے۔ اس اقدام سے یہ پیغام جاتا ہے کہ شہباز شریف عملی طور پر اپنے اقدامات سے عوامی فلاح کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے قومی وسائل کی محدودیت اور ایران جنگ کے سبب عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کی حقیقت کو سمجھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف معاشی مسائل سے آگاہ ہیں بلکہ عوامی مشکلات کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ان کا یہ اقدام ملک میں اقتصادی استحکام اور عوامی اعتماد کو فروغ دے گا۔ اس اقدام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ عارضی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو بھی مستحکم کرے گا۔ سبسڈی اور امدادی پیکیجز سے چھوٹے اور درمیانے کاروباری ادارے، کسان، ٹرانسپورٹرز اور عام شہری براہ راست فائدہ اٹھائیں گے۔ اس سے نہ صرف روزمرہ کی زندگی آسان ہوگی بلکہ ملکی معیشت میں مثبت اثر بھی پڑے گا۔شہباز شریف کی قیادت میں یہ بھی واضح ہوا کہ مشکل حالات میں فیصلہ کرنا اور عوام کے حق میں فوری اقدامات کرنا قیادت کی اصل پہچان ہے۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ ایک حقیقی عوامی رہنما وہ ہوتا ہے جو اپنی ذاتی مفاد یا سیاسی فائدے کے بجائے عوام کی زندگی آسان بنانے کو ترجیح دیتا ہے۔ مزید یہ کہ وزیراعظم نے قوم کو یقین دلایا کہ وہ عوام کی زندگی دوبارہ معمول پر آنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یہ عزم اور پختہ ارادہ نہ صرف عوام کو سکون فراہم کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ ان کی قیادت میں ہر فیصلہ سوچ سمجھ کر اور عوام کی بھلائی کے لیے لیا جاتا ہے۔ یہ اقدام صرف ایک معاشی قدم نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور سماجی پیغام بھی ہے۔ عوام کو یہ یقین دلایا گیا کہ ان کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر فیصلہ عوام کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے لیا جائے گا۔ اس سے معاشرتی انصاف اور اقتصادی برابری کی فضا بھی مضبوط ہوگی۔ ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے بڑھتے ہوئے اثرات اور پاکستان کی محدود قومی وسائل کے باوجود شہباز شریف کا یہ اقدام نہ صرف جرأت مندانہ ہے بلکہ عوام کی خدمت کے جذبے کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔ یہ اقدام یقیناً عوام کے دلوں میں ان کے لیے احترام اور محبت پیدا کرے گا اور مستقبل میں بھی قیادت کے مثالی اقدامات کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی اور عوام دوست فیصلے کے ذریعے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام کی فلاح اور خوشحالی ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ یہ اقدام نہ صرف موجودہ مشکلات کو کم کرے گا بلکہ عوام کے اندر حکومت پر اعتماد بھی بڑھائے گا۔

بلوچستان: بارشیں اور سیلابی صورتحال

ملک کے مختلف حصوں میں تیز و ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن پچھلے کچھ دن سے جاری بارشوں کے سلسلے سے بلوچستان زیادہ متاثر نظر آتا ہے۔ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں مسلسل بارشوں اور عالہ باری کے باعث شدید سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے دوران اب تک 11افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 10افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف انسانی زندگی پر بارشوں کے خطرات کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ بنیادی انفرا اسٹرکچر اور انتظامی تیاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کیچ، ہرنائی، کوہلو، لورالائی، جعفر آباد، کچھی اور ژوب میں جانی نقصان ہوا ہے جبکہ نصیرآباد، چمن، کوئٹہ، حب اور آواران میں مالی نقصانات رپورٹ کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 150 گھر متاثر ہوئے، جن میں 28مکمل طور پر تباہ اور 122گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ یہ اعداد و شمار بلوچستان میں موسمی تبدیلیوں کے اثرات اور خطرات کو واضح طور پر دکھاتے ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو اس صورت حال میں فوری اور مثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتیں، کھانے پینے کا سامان، طبی امداد اور محفوظ رہائش کی فراہمی فوری ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کے لیے طویل مدتی رہائشی اور مالی امداد کے منصوبے بھی تیار کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ جلد از جلد اپنی زندگی معمول پر لا سکیں۔ مزید برآں، بلوچستان میں موسمیاتی خطرات کی پیش بندی کے لیے جدید انفرا سٹرکچر، پانی کی نکاسی کے نظام اور سیلابی پلاننگ پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔ ماضی میں بارش کے دوران پیش آنے والے نقصان نے یہ واضح کیا ہے کہ صرف ایمرجنسی کے وقت اقدامات ناکافی ہیں، بلکہ مستقل اور پیشگی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ آخر میں، یہ بات واضح ہے کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت دونوں کو مل کر اس مشکل صورت حال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ موجودہ سیلابی صورت حال نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی، بلکہ معاشی نقصان بھی بڑھا رہی ہے۔ بروقت امدادی کارروائیاں، مضبوط انتظامی حکمت عملی اور مستقبل کے لیے موثر منصوبہ بندی بلوچستان میں انسانی اور مالی نقصان کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

جواب دیں

Back to top button