
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانےکا اعلان کر دیا۔
وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔
ڈیزل کی قیمت میں184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسےمقرر کردی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج جو فیصلہ کیا گیا ملک کی قیادت کی مشاورت سے کیا گیا ، ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کررہے ہیں تاکہ یہ حقیقی حقدار تک پہنچے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر موٹرسائیکل کے لیے100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر بھی فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے ، ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی ، ریلوے کے لیے حکومت سبسڈی دے گی تاکہ کرایوں کو منیج کیا جاسکے ۔
وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ صدر مملکت نے موجودہ معاشی صورتحال میں رہنمائی کی، شکریہ ادا کرتے ہیں خطے کی صورتحال نے پوری دنیا کی معیشت کو مشکل کر دیا ہے ۔
وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کےآج کے فیصلے کو اس نظرسے دیکھا جائے کہ یہ طوفان برپا کرنے میں ہمارا کوئی کردار نہیں تھا، بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ جلد از جلد اس آگ کو بجھانے کی کوشش کریں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ چند ہفتوں سے معاملہ بگڑتا چلا جارہا ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی عالمی منڈی میں قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے بھی بڑھ چکی ہے ، حکومت نے کفایت شعاری اور اخراجات میں کٹوتی عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، تیل کی سپلائی بنیادی طور پر آبنائے ہرمز سے آتی ہے ، جن ممالک کے پاس اسٹر یٹیجک ذخائر موجود ہیں وہاں بھی توانائی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے







