
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی میزائلوں نے شمالی اسرائیل کے ایک صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی ٹی وی اور ایرانی سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں حیفہ کی ایک آئل ریفائنری سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے، جسے اس سے قبل بھی اس تنازع کے دوران نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فائر سروس کا کہنا ہے کہ ریفائنری میں موجود ایک فیول ٹینکر کو ایک روکے گئے میزائل کے ملبے سے نقصان پہنچا
اسرائیل کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق سوموار کے روز بازان آئل ریفائنری پر ایک میزائل حملہ روکا گیا لیکن اس کا ملبہ گرنے سے ایک صنعتی عمارت اور ایک فیول ٹینکر متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آج صبح جاری کیے گئے ایک بیان میں فائر سروس نے کہا کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور فائر فائٹرز آگ کو مزید علاقوں تک پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، پھنسے ہوئے افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میزائل کہاں سے داغے گئے تھے، لیکن جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران اور لبنان میں موجود حزب اللہ کے عسکریت پسند اسرائیل کو نشانہ بنا رہے ہیں۔







