
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے دنیا کو دہائیوں کے بڑے توانائی بحران کے خدشے سے دو چار کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آج صبح برینٹ خام تیل کی قیمت 3 فیصد سے زائد اضافے کے بعد 116 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو تقریباً 2 ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے، اس سے قبل 19 مارچ کو قیمت مختصر طور پر 119 ڈالرز تک گئی تھی۔
قیمتوں میں یہ اضافہ اس وقت سامنے آیا جب ایران نے دعویٰ کیا کہ وہ ممکنہ امریکی زمینی حملے کے لیے تیار ہے، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا کہ امریکی فوجیوں کی آمد پر سخت جواب دیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں خطے میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے پہلی مرتبہ اسرائیل پر میزائل حملے کیے جبکہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں وسیع کر دیں۔
جنگی صورتِ حال کے اثرات عالمی مالیاتی منڈیوں پر بھی دیکھے گئے، ایشیاء کی بڑی اسٹاک مارکیٹس شدید دباؤ کا شکار رہیں، جاپان کا نکئیی 225 اور جنوبی کوریا کا کاسپی انڈیکس 4 فیصد سے زیادہ گر گیا۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی مؤثر بندش نے عالمی تیل اور مائع قدرتی گیس کی سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ متاثر کر دیا ہے، یہی صورتِ حال موجودہ توانائی بحران کی بنیادی وجہ بن رہی ہے







