یومِ پاکستان تجدیدِ عہد کا دن

یومِ پاکستان تجدیدِ عہد کا دن
تحریر: سیدہ سونیا منور
23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن ہے اس دن 1940ء میں لاہور کے تاریخی منٹو پارک ( موجودہ اقبال پارک) میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس کے دوران وہ تاریخی قرارداد پیش کی گئی جسے بعد میں قراردادِ پاکستان کے نام سے جانا گیا اس قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ اور آزاد ریاست کے قیام کی بنیاد رکھ دی قراردادِ پاکستان دراصل مسلمانوں کے اس عزم اور جدوجہد کی علامت تھی جس کے تحت وہ اپنے مذہبی، ثقافتی اور سماجی تشخص کو محفوظ رکھنا چاہتے تھے اس قرارداد کو پیش کرنے میں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور دیگر مسلم رہنمائوں کی قیادت اور بصیرت نے اہم کردار ادا کیا برصغیر کے مسلمانوں نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کے جذبے کے تحت آزادی کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ 23مارچ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک طویل جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا ثمر ہے ہمارے بزرگوں نے بے شمار مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے اس مملکت کے قیام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ہر طرح کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا۔ یومِ پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے سرکاری سطح پر پریڈ، تقاریب اور قومی پرچم کشائی کی جاتی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کو اس دن کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا ہے یہ دن ہمیں اس بات کا احساس بھی دلاتا ہے کہ پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں اتحاد، محنت اور ایمانداری کے اصولوں کو اپنانا ہوگا ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے موجودہ دور میں پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن اگر ہم قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں ’’ ایمان، اتحاد اور تنظیم‘‘ کو اپنا شعار بنائیں تو ہم ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتے ہیں قومی یکجہتی اور باہمی تعاون ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں یومِ پاکستان ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی کی قدر کریں اور ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ 23مارچ صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ عزم و حوصلے کی علامت ہے یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر قومیں متحد ہو کر جدوجہد کریں تو وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتی ہیں۔ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے، یہی ہماری دعا اور عزم ہے۔





